احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کا دو روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا دو روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔گزشتہ روز قومی احتساب بیورو(نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بنی گالہ سے خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی احتساب بیورو نیب حکام نے کہا کہ خورشید شاہ کو سکھر کی عدالت میں پیش کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ دیا جائے۔جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ سکھر جانے میں کتنا ٹائم لگ جاتا ہی اس پر خورشید شاہ نے جواب دیا کہ آج صبح سکھر کی فلائٹ تھی، کل بھی ہو گی۔بعدازاں تفتیشی افسر نیب نے کہا کہ تین دن کا راہداری ریمانڈ دے دیں، ہم پہلی دستیاب فلائٹ سے خورشید شاہ کو سکھر لے جائیں گے۔ احتساب عدالت نے خورشید شاہ کا دو دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب حکام کو دو دن میں سکھر کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔