سانحہ کرائسٹ چرچ سیاہ ترین دن تھا، ایسے واقعات کی قطعی گنجائش نہیں

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا فیصلہ آئی سی سی کرے گا نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنرکا کراچی کونسل ان فارن ریلیشنز کے بریک فاسٹ ڈائیلاگ سے خطاب

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:05

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر مسٹر ہمیش میک ماسٹر نے کہا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ سیاہ ترین دن تھا، نیوزی لینڈ ہمیشہ سے امن پسند ملک رہا ہے، ایسے واقعات کی قطعی گنجائش نہیں۔ وہ کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کی جانب سے اپنے اعزاز میں جمعرات کو منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کے سی ایف آر بریک فاسٹ ڈائیلاگ میں چیئرمین کونسل اکرام سہگل، معین فڈا، جنرل سیکریٹری کموڈور ریٹائرڈ سدید اے ملک، لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ معین الدین حیدر، ہائی کمشنر کی اہلیہ، اراکین بورڈ آف گورنرز و دیگر مہمان کثیر تعداد میں شریک تھے۔

ہائی کمشنر مسٹر ہمیش میک ماسٹر نے کہا کہ کرائسٹ چرچ سانحہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، وہ واقعے پر انتہائی افسردہ تھے، اس میں 9 پاکستانی بھی قتل ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کے بعد ہم نے خطرناک ہتھیاروں پر فوری پابندی لگائی، وزیراعظم نیوزی لینڈ نے فوری اقدامات کئے اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ نیوزی لینڈہمیشہ سے امن پسند ملک رہا ہے، ایسے واقعات کی قطعی گنجائش نہیں۔

مسٹر ہمیش نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد وزیراعظم پاکستان نے بھی اظہار ہمدردی کیا جس پر شکرگزار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ہائی کمشنر نے بتایا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان باہمی تجارت کا حجم160 ملین ڈالرز ہے، پاکستان کے پی ایچ ڈی طالب علموں کی ایک بڑی تعداد نیوزی لینڈ میں زیرتعلیم ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر پر تنائو کم کرنے کے لئے نیوزی لینڈ مستقل کوششیں کر رہا ہے، ہم سرحدی تنازعات سے ویسے دور رہتے ہیں، نیوزی لینڈ میں کشمیری کمیونٹی ہے، چاہتے ہیں مسئلہ کشمیر جلد حل ہو۔

کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال پر مسٹر ہمیش نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا فیصلہ آئی سی سی کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں چیئرمین کے سی ایف آر اکرام سہگل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا کردار ہمیشہ قابل تعریف رہا ہے، کرائسٹ چرچ سانحے پر وزیراعظم نیوزی لینڈ کے قائدانہ کردار نے سب کے دل جیت لئے۔ اکرام سہگل نے کہا کہ پاکستانی عوام وزیراعظم نیوز ی لینڈ کے اظہار ہمدردی کے معترف ہیں۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین کے سی ایف آر نے انہیں کونسل کا نشان پیش کیا۔