آٹھویں جماعت بورڈامتحان سے نقل اور سفارش کو فروغ ملے گا،سلیم خان

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک(PEN)کے صوبائی صدر محمدسلیم خان نے کہاہے کہ آٹھویں جماعت کا بورڈامتحان حکومت کا غیردانشمندانہ فیصلہ اور صوبے کوتعلیمی لحاظ سے مزید پیچھے کی طرف دکھیلنے کے مترادف ہے دنیامیں کہیں بھی پرائمری اورمڈل لیول پر ایکسٹرنل امتحان نہیں ہوتا آٹھویں جماعت بورڈامتحان سے نقل اور سفارش کو فروغ ملے گا۔

پشاورمیں تنظیمی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگومیں انہوں نے کہاکہ نیشنل کوالیفییشن فریم ورک(این کیوایف)نے آٹھویں جماعت کوکوئی سرٹیفکیٹ ایوارڈ نہیں کیا صرف خیبرپختونخوا میں ہونے کی وجہ سے بچوں کودیگرصوبوں میں مائیگریشن کے مسائل پیداہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امتحانی بورڈ کی کارکردگی غیرتسلی بخش ہونے کی وجہ سے حکومت خودبھی مطمئن نہیں جسکی وجہ سے ایٹا ٹیسٹ لیناپڑتاہے مڈل لیول پربچوں سے بورڈ امتحان نہ صرف انکے تعلیمی اخراجات میں غیرمعمولی اضافہ کرے گا بلکہ ان کے بگاڑ کاباعث بھی بنے گاانہوں نے اس اہم مسئلے پر اراکین پارلیمنٹ کی خاموشی پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں شعبہ تعلیم کے اندر وزیراعظم کے ویژن کے برعکس اقدامات بچوں کیساتھ ناانصافی اورانہیں مستقبل میں اعلیٰ تعلیم کے حصول سے دوررکھناہے لہذا اس مسئلے کوسنجیدگی سے لیاجائے۔