سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ائیرپورٹ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،پاکستانی نژاد برطانوی شہری میاں بیوی سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات آئس برآمد

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:10

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ائیرپورٹ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،پاکستانی نژاد برطانوی شہری میاں بیوی سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات آئس برآمد۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان نژاد برطانوی شہری طاہر نعیم اپنی اہلیہ اقراء حسین کے ہمراہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے نجی ائیر لائن کے ذریعہ دبئی جانے کے لئے ائیر پورٹ پر پہنچے تو ائیر پورٹ سکیورٹی فورسز نے دوران سامان چیکنگ اور سکینگ میں ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات آئس برآمد کر لی ۔

ائیر پورٹ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر اینٹی نارکوٹیکس فورس کو کارروائی کے بارے آگاہ کیا جنہوں نے میاں بیوی ملزمان کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ اینٹی نارکوٹیکس فورسز کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے ہے ۔ ملزمان نے تین بیگز کے مختلف حصّوں میں آئس چھپائی تھی اورملزمان فلائٹ نمبر EK621 کے ذریعے دبئی جا نا چاہتے تھے ۔