بلاول بھٹو زرداری کا میر مرتضیٰ بھٹو کو ان کے 23 ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید میر مرتضیٰ بھٹو کو ان کے 23 ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ میر مرتضیٰ بھٹو اور ان کے چھوٹے بھائی شاہنواز بھٹو کو جلاوطن ہونے پر مجبور کیا گیا اور وہ جہاں بھی جاتے ان کا تعاقب کیا جاتا اور بالاخر وہ شہید ہوگئے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید میر مرتضیٰ بھٹو کو "ایک بھٹو کو نشانہ بنانے کے لئے دوسرے بھٹو کو نشانہ بناوً" کے گھنائونے منصوبے کے تحت شہید کیا گیا تاکہ اس کی اپنی ہمشیرہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زیرقیادت قائم عوامی حکومت کا خاتمہ کیا جاسکے اور صدر آصف علی زرداری کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید میر مرتضیٰ بھٹو بہادری اور جدوجہد برائے جمہوریت کے آئیکن کے طور پر ہمیں ہمیشہ یاد رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستانی عوام کے جمہوری و انسانی حقوق کے لئے بلاخوف و خطر جدوجہد کرتی رہے گی۔