Live Updates

اقوامِ متحدہ جانے سے قبل سعودی عرب آنے کا مقصد سعودی لیڈرشپ کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا: عمران خان

ہم نے مسئلہ کشمیرکو پوری دنیا میں اُجاگر کرنا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایک نئی سطح پرپہنچ گئے ہیں: وزیراعظم

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 19 ستمبر 2019 23:49

اقوامِ متحدہ جانے سے قبل سعودی عرب آنے کا مقصد سعودی لیڈرشپ کو کشمیر ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 ستمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ جانے سے قبل سعودی عرب آنے کا مقصد سعودی لیڈرشپ کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیرکو پوری دنیا میں اُجاگر کرنا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایک نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، کشمیرمیں ہمارے بھائی مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، کشمیرایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے، پوری دنیا ہمارے بیانیے کو مان گئی ہے، اوآئی سی نے بھی ہماری حمایت کی ہے اور اب ہم اقوامِ متحدہ میں بھی اس مسئلے کو اُٹھائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں قرضوں کے بوجھ میں دبی ہوئی معیشت ورثے میں ملی تھی، ہرشعبےمیں اصلاحات لا رہے ہیں، سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے قانونی اصلاحات لارہے ہیں، اور حکومت کاروبارمیں آسانیاں پیدا کر رہی ہے تا کہ سرمایہ کاروں کو ترغیب ملے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر کیلئے دنیا کے ہر فورم پر لڑیں گے۔

کشمیر پر بھارت زبردستی اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ اورسیز پاکستانیوں نے کشمیریوں کے ساتھ بہترانداز میں اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے حوالے سے آئیڈیل ملک ہے۔ سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنا رہے ہیں۔ واضح رہے وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے سعودی تنصیبات پر حملے کی مذمت کی، عمران خان نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم عمرا ن خان کا جدہ ایئرپورٹ پر گورنر مکہ نے استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور معاون خصوصی ذالفقار زلفی اور سفارتی حکام بھی شریک ہوئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات