مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز آئمہ مساجد کو بھی گرفتار کر رہی ہیں

مساجد میں نماز کیلئے آنے والوںکی سخت نگرانی کی جارہی ہے

جمعہ 20 ستمبر 2019 00:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزکی طرف سے آئمہ مساجد کوبھی بڑے پیمانے پر ہراساں کیا جا رہا ہے اور اب تک کئی آئمہ کرام کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مساجد میں نماز کیلئے آنے والوں پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ کی ایک مسجد کے امام محمد امین کو بھارتی پولیس نے عیدالاضحی سے قبل گرفتار کر لیا تھا۔

گرفتار امام مسجد کی ایک گیارہ سالہ بچی اور چھ سالہ بیٹا ہے جو روز اپنی والدہ کے ہمراہ تھانے جاتے ہیں لیکن محمد امین کو تاحال رہا نہیں کیا گیا۔ پولیس نے رواں برس مارچ میں پلوامہ میں دو جبکہ جون میں کپواڑہ میں ایک امام مسجد کو گرفتار کیا تھا۔ سادہ کپڑوں میں ملبوس بھارتی پولیس اہلکارجمعہ کے روز آئمہ کرام کی طرف سے مساجد میںکئے جانے والے وعظ کو بھی باقاعدگی سے ریکارڑ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں پانچ اگست کے بعد سے پابندیوں کے باعث جمعہ کی نماز ادا نہیں کی جاسکی اور مسجد کے باہر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات ہے۔ مقبوضہ وادی میں محرم الحرام کے جلوسوں پر گوکہ 1989سے پابندی عائد ہے تاہم اس بار یہ پابندی مزید سخت کر دی گئی تھی۔ بھارت نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔