Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی خاتون اول کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی

عمران خان کے لیے خانہ کعبہ کا خصوصی دروازہ کھول دیا گیا، نوافل ادا کیے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 ستمبر 2019 10:38

وزیراعظم عمران خان کی خاتون اول کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے خاتون اول بشریٰ بی بی کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے خاتون اول بشریٰ بی بی سمیت وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے لیے خانہ کعبہ کا خصوصی دروازہ کھول دیا گیا جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نے بیت اللہ کے اندر نوافل ادا کئے۔

وزیر اعظم اور وفد نے کشمیر، عالم اسلام کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔خانہ کعبہ کے کلید بردار اور حرم کی انتظامیہ نے وزیراعظم اور ان کے وفد میں شامل اراکین کو آب زم زم، کھجور اور قہوہ پیش کیا۔ پاکستانی عوام اپنے لیڈر کو حرم میں اپنے درمیان دیکھ کر انتہائی پرجوش ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ نماز جمعہ حرم شریف میں ادا کریں گے۔

جمعہ کی نماز خانہ کعبہ میں ادا کرنے کے بعد مدینہ منورہ روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ روضہ رسولﷺ پہ حاضری دیں گے اور مسجد نبوی میں نماز ادا کریں گے۔خیال رہے کہ عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا یہ چوتھا سرکاری دورہ ہے۔ اس دورے کے دوران بھی وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔

دوسری جانب طے شدہ پروگرام کے تحت وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد میں شامل افراد آج مدینہ منورہ سے امریکہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے کے علاوہ عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ دورہ امریکہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے جس میں وہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اُجاگر کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات