حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کو ایک بار پھر حملہ بنانے کی کوشش ناکام ہو گئی

عرب اتحادی افواج نے جنوبی بحر احمر میں بارود سے بھری کشتی تباہ کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 ستمبر 2019 11:08

حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کو ایک بار پھر حملہ بنانے کی کوشش ناکام ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20ستمبر 2019) حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کو ایک بار پھر حملہ بنانے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ یمن کے لیے تشکیل کردہ عرب اتحادی افواج نے جنوبی بحر احمر میں حوثیوں کی بارود سے بھری کشتی تباہ کر دی۔عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ بارود سے بھری گئی یہ کشتی ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے الحدیدة کے علاقے سے جنوبی بحر احمر میں بھیجی گئی تھی جو کہ ریموٹ کنٹرول طریقے سے کام کر رہی تھی۔

اس کا ہدف کسی سعودی یا اس کے اتحادی ملک کے بحری جہاز کو نشانہ بنانا تھا، تاہم اسے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔ یہ بارود سے لدی کشتی علاقائی اور بین الاقوامی بحری جہازوں کے لیے بڑا خطرہ تھی، اس سے عالمی تجارت اور سمندری ٹریفک بھی متاثر ہو سکتی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم موثر نگرانی کے نظام کے باعث اس کشتی کی سعودی عرب کے پانیوں میں موجودگی کی نشاندہی ہو گئی، جس کے بعد اسے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا گیا۔

کرنل المالکی نے مزید کہا کہ حوثی سعودی عرب کی سرزمین کو متعدد بار تخریبی کارروائیوں سے نشانہ بنا چکے ہیں، مگر انہیں زیادہ تر حملوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ عرب اتحاد کی افواج حوثی دہشت گردوں کو سبق سکھانے کے لیے پُرعزم ہیں، حوثی مختلف محاذوں پر جنگ ہار رہے ہیں، جس کا غصہ وہ سعودی تنصیبات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا کر نکال رہے ہیں، حوثیوں کے یہ حملے علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لیے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔