Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو بڑی خبر سُنا دی

پاکستان میں اوور سیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضے اور دیگر شکایات کے حل کے لیے خصوصی عدالتیں اور پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 ستمبر 2019 12:04

وزیراعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو بڑی خبر سُنا دی
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20ستمبر 2019) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو بڑی خبر سُنا دی ہے، جس سے ان کے چہرے خوشی سے کھل اُٹھے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان جو سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے گزشتہ روز جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ اس خطاب کے دوران انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان میں اوور سیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضے اور دیگر شکایات کے حل کے لیے خصوصی عدالتیں اور پولیس اسٹیشن قائم کیے جا رہے ہیں جہاں اوور سیز پاکستانی اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

یہ خصوصی عدالتیں اور پولیس اسٹیشن صرف اوور سیز پاکستانیوں کے لیے مخصوص ہوں گے۔ وزیر اعظم کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ اکثر پاکستانی جب اپنے وطن پاکستان جاتے ہیں تو انہیں پتا چلتا ہے کہ ان کی خریدی گئی زمینوں پر غنڈہ عناصر قابض ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اور بھی کئی طرح کے مسائل سے انہیں واسطہ پڑتا ہے۔ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے پرائم منسٹر ہاؤس میں سیٹیزن کمپلین پورٹل بھی بنا ہوا ہے، وہاں پر بھی اوور سیز پاکستانی اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں، تاہم اب ہم اوور سیز پاکستانیوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، اور ان کے مسائل بھی حل کرنا چاہتے ہیں۔

اسی لیے ان کی خاطر خصوصی عدالتیں اور پولیس اسٹیشنز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں پر موجود کمیونٹی کے مسائل بھی سُنے اور مُلکی مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی لیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات