ہم نے شرح خواندگی کو سو فیصد کرنے کی بنیاد رکھنی ہے، راجہ راشد حفیظ

جمعہ 20 ستمبر 2019 12:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے غیر رسمی بنیا دی تعلیمی اداروں کے دورے کے دوران بے وسیلہ بچوں میں بستے اور کتابیں بھی تقسیم کیں ۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ پوری توجہ ، محنت اور لگن کے ساتھ حصول تعلیم کیلئے کمر بستہ ہو جائیں ، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بچوں کے سکول نہ جا سکنے کی وجوہات میں سب سے بڑی وجہ معاشی مجبوری ہوتی ہے جبکہ والدین کی عدم توجہ ، شعور نہ ہونا اور خود بچوں کی عدم دلچسپی سمیت دیگر وجوہات بھی اس میں شامل ہیں ، حکومت پنجاب ان تمام وجوہات کو سامنے رکھ کر ایک جامع پالیسی بنا رہی ہے تاکہ سکول جانے کی عمر کا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ سکے ، راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ نا خواندگی کے خلاف یہ کوششیں جہاد کا درجہ رکھتی ہیں جن میں معاشرے کے مخیر حضرات کو اپنا حصہ ضرور ڈالنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے متعدد غیر رسمی بنیادی تعلیمی اداروں کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے مزید کہا ہے کہ معاشی مجبوریوں اور دیگر وجوہات کی بناء پر سکولوں سے باہر بچوں کو بنیادی تعلیم کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ بچوں کو بستے ، کتابیں اور یونیفارم مہیا کرکے انہیں غیر رسمی تعلیمی اداروں میں داخل کرانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ پنجاب بھر میں غیر رسمی تعلیمی اداروں کو مکمل سہولیات دینا اور جہاں ضرورت ہو وہاں نئے سکول بنانے کے لئے حکومت کام کر رہی ہے ۔

ہم نے اگلے تین سالوں کے اندر شرح خواندگی کو سو فیصد کرنے کی بنیاد رکھنی ہے جس کے ل-ئے تعلیم بالغاں کے مراکز اور جیلوں کے اندر نا خواندہ قیدیوں کو تعلیم دینے کی سہولیات بہم پہنچانے پر کو ششیں جاری ہیں۔