کشمیری اور سکھ نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پر ہوسٹن میں بھارت مخالف مظاہرے کریں گے

بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف الائنس فار جسٹس اینڈ اکائونٹیبلٹی کے زیر اہتمام ایک احتجاجی دھرنا بھی دیا جائیگا

جمعہ 20 ستمبر 2019 12:26

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) کشمیری ، سکھ اور انکے ہمدردکل 22ستمبر بروز اتوار کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پر ہوسٹن ٹیکساس میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نریندر مودی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ اتوار کو ہوسٹسن میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

کشمیری اور خالصتان کے حامی کارکنوں نے بھارت مخالف مظاہرے کیلئے احتجاجی بینروں اور جھنڈوں سے آراستہ ایک ٹرک تیار کیا ہے جو ہوسٹن میں سکھ نیشنل سینٹر سے این آر جی سینٹر جہاں نریندرمودی ریلی سے خطاب کریں گے تک ریلی میں شامل ہو گا۔بھارت مخالف مظاہرے اور ریلی میں کشمیریوں اور پاکستانیوںکی بڑی تعداد کے علاوہ امریکہ میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی شرکت کریں گے ۔

مظاہرے اور ریلی کے منتظمین نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف الائنس فار جسٹس اینڈ اکائونٹیبلٹی کے زیر اہتمام ایک احتجاجی دھرنا بھی دیا جائیگا۔سکھ ریفرنڈم 2020کیلئے قائم سکھوںکی نمائندہ تنظیم سکھز فار جسٹس جسے بھارت نے کالعدم قراردے دیاتھا بھی ریلی میں شرکت کری گی ۔