بلاول بھٹو زرداری کا شہید میر مرتضیٰ بھٹو کو ان کے یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

پیپلز پارٹی عوام کے جمہوری و انسانی حقوق کے لیئے بلاخوف و خطر جدوجہد کرتی رہے گی، چیئر مین پیپلز پارٹی

جمعہ 20 ستمبر 2019 12:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے شہید میر مرتضیٰ بھٹو کو ان کے یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے جمہوری و انسانی حقوق کے لیئے بلاخوف و خطر جدوجہد کرتی رہے گی۔ جمعہ کو شہید میر مرتضیٰ بھٹو نے آمر ضیاء کے خلاف جدوجہد کرنے کی پاداش میں آمریتی قوتوں کے ہاتھوں شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوںنے کہاکہ وہ ابھی نوجوان ہی تھے، جب ایک آمر اور عدلیہ سے منسلک چند افراد نے ایک گہنونی سازش رچائی اور ان کے والد وزیراعظم کو پھانسی دے دی گئی۔انہوںنے کہاکہ عوام کی منشا اور ان کے حقیقی مینڈیٹ کو کچلنے کی خاطر جمہوری قوتوں کے خلاف اس طرح کی صورتحال مختلفوں شکلوں میں آج بھی درپیش ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید شاہنواز بھٹو کو جلاوطن ہونے پر مجبور کیا گیا اور وہ جہاں بھی جاتے ان کا تعاقب کیا جاتا۔

انہوںنے کہاکہ بالاخر آمر اور اس کے حواریوں کے ہاتھوں وہ دونوں شہید ہوگئے۔انہوںنے کہاکہ ہم شہید بھٹو کی تیسری نسل ہیں،جن کو آمر ضیاء کی باقیات ایک لبمی منظم سازش کے تحت نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید میر مرتضیٰ بھٹو کو "ایک بھٹو کو نشانہ بنانے کے لیئے دوسرے بھٹو کو نشانہ بناوً" کے گہنونی سازش کے تحت شہید کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ اس سازش کا مقصد شہید مرتضیٰ بھٹو کی ہمشیرہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے زیرقیادت عوامی حکومت کا خاتمہ کرنا تھا۔

انہوںنے کہاکہ اس سازش کے تحت صدر آصف علی زرداری کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیئے گئے۔انہوںنے کہاکہ میں شہید میر مرتضیٰ بھٹو بھادری اور جدوجہد برائے جمہوریت کے آئیکن کے طور پر ہمیشہ یاد رہیں گے۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کے جمہوری و انسانی حقوق کے لیئے بلاخوف و خطر جدوجہد کرتی رہے گی۔