توہین عدالت کی درخواست پر چیئرپرسن پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن عطیہ سے جواب طلب

جمعہ 20 ستمبر 2019 13:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) لاہور ہائی کورٹ نے چیئرپرسن پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر چیئر پرسن عطیہ مبارک خالد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے محمد احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اسکی والدہ گلاب دیوی ہسپتال میں زیر علاج رہیں،ڈاکٹروں کی غلط ادویات کی وجہ سے والدہ کا مرض بگڑ گیا۔

(جاری ہے)

جس پر درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا،عدالت نے ذمہ دار ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کے لیے اسکی درخواست چیئر پرسن پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دی۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے 17 مئی، 20 مئی 2019کو جاری کئے گئے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہاجس پردرخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت چیئر پرسن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔لہذا عدالت نے چیئرپرسن پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن عطیہ مبارک خالد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔