یونائیٹڈ بزنس گروپ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے انتخابات کے لئے امیدواروں کا اعلان کردیا

ْ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ صدر، حنیف گوہر سینئر نائب صدر کے عہدے کے لئے الیکشن میں حصہ لیں گے

جمعہ 20 ستمبر 2019 13:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے آئندہ انتخابات کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ‘ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ صدر جبکہ حنیف گوہر سینئر نائب صدر کے عہدے کے لئے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ اس بات کا فیصلہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میںکیا گیا ۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین افتخار علی ملک نے کی۔ اجلاس میں ایس ایم منیر ‘ الیاس بلور‘ میاں محمد ادریس ‘ زبیر طفیل ‘ خالد تواب‘ ریاض الدین ‘ سینیٹر حسیب‘ تنویر شیخ اور سہیل الطاف نے شرکت کی۔ ملک بھر کے لوکل چیمبرز کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد نائب صدر کی 10نشستوں کے لئے امیدواروں کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے اس موقع پر نامزد امیدواروں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی تجارتی برادری میں جانے پہچانے لوگ ہیں جنہوں نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے موثر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک اجتماعی فیصلہ سازی پر یقین رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ تاجر برادری کے مسائل کے حل کررہا ہے اور وہ تاجروں میں مقبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جبکہ وہ تاجروں کے تمام مسائل حل نہیں کرتا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے امیدوار فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کریں گے اور تاجر کمیونٹی کی موثر نمائندگی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ تاجروں اور تاجر کمیونٹی کا واحد نمائندہ فورم ہے جو ان کے مسائل کو حل کررہا ہے یہی وجہ ہے کہ مخالفین اس گروپ سے خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ اس بار بھی اپنے مخالف گروپ کو عبرتناک شکست دے گا۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کا بنیادی ہدف ملک میں تجارت اور صنعت کو فروغ دینا ہے اور اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے آئندہ انتخابات کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ نے جن کا تعلق سیالکوٹ سے ہے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے انہیں صدارتی امیدوار نامزد کرکے ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور وہ صدر منتخب ہونے کے بعد تاجر کمیونٹی کے مفادات کا تحفظ کریں گے اور تاجروں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد وہ اہم معاملات میں ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس حکومت کے ساتھ ملکر کام کرے گی تاکہ چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کو سرکاری شعبہ کے اداروں کے گورننگ بورڈز میں نمائندگی دی جاسکے۔