پارلیمانی سیکرٹری وزارت تعلیم وجیہہ اکرم کی مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی شدید مذمت

جمعہ 20 ستمبر 2019 14:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) پالیمانی سیکرٹری وزارت تعلیم وجیہہ اکرم نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم کو باور کرایا ہے کہ کشمیر پر کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش ہوئی تو پورا خطہ متاثر ہو گا، پاکستان کا بچہ بچہ اپنی کشمیری ماؤں بہنوں کے ساتھ ہے اور بائیس کروڑ عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کشمیری خواتین سے اظہار یکجہتی کیلئے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی مرکزی تقریب کا اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات ایف سکس ٹو میں کیا گیا۔ یہ تقریبات وزیراعظم کی ہدایت پر کشمیر سیل کے زیر اہتمام جمعہ کو تمام وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں بیک وقت منعقد کی گئیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں طالبات، اساتذہ اور دیگر فیکلٹی اراکین اور والدین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی اور کشمیری خوتین اور بچوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ مرکزی تقریب کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اور اگر کوئی جنگ مسلط کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پوری دنیا کے لیے ٹیسٹ کیس ہے، دنیا بھارتی مظالم کا سلسلہ بند کرائے پوری دنیا اس وقت کشمیر کی صورتحال سے واقف ہے کہ کس طرح بھارتی افواج نے کشمیریوں بالخصوص کشمیری خواتین پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین اور تربیت یافتہ فوج ہے جو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہی اور پاکستان کی بائیس کروڑ عوام پاک فوج کی پشت پر ہیں جو وطن عزیز کے دفاع پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔