اداکار یوسف خان کی 10ویں برسی جمعہ کو منائی گئی

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) فلم انڈسٹری کے معروف اداکار یوسف خان کی 10ویںبرسی جمعہ کو منائی گئی۔ یوسف خان 10اگست 1931کو مشرقی پنجاب کے شہر فیروز پور میں پیدا ہوئے تھے۔ 1954ء میں ہدایتکار اشفاق ملک کی فلم ’’پرواز ‘‘سے ان کی فلمی زندگی کا آغاز ہوا۔اس فلم میں ان کی ہیروئن کا کردار صبیحہ خانم نے ادا کیا تھا۔

فلم ’’ پرواز ‘‘ کے بعد کئی برس تک یوسف خان اردو فلموں میں کام کرتے رہے جن میں مجرم، حسرت، بھروسہ، فیصلہ اور نیا دور کے نام شامل ہیں۔1962ئ میں فلم ’’پہاڑن ‘‘سے ان کی پنجابی فلموں کا دور شروع ہوا اور جلد ہی وہ پنجابی فلموں کے بھی مصروف ترین اداکار بن گئے۔ یوسف خان کی یادگار پنجابی فلموں میں ملنگی، یارانہ، باجی، ضدی، غیرت میراناں، وارنٹ، ہتھکڑی، حشر نشر، اتھرا، جگنی، شریف بدمعاش، قسمت، جبرو، خطرناک، جاپانی گڈی، بت شکن، حیدر خاں، دھی رانی اور بڈھاگجر کے نام سرفہرست ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی آخری فلم ’’اتھرا ‘‘تھی جو 2006ء میں نمائش پذیر ہوئی تھی۔یوسف خان اور سلطان راہی کی جوڑی کو فلم بینوں نے ہمیشہ پسند کیا اور دو نوں اداکاروں کی ایک ساتھ فلم میں اداکاری فلم کی کامیابی ضمانت تصور کی جاتی تھی۔ یوسف خان نے اپنی فن کارانہ زندگی میں لاتعداد اعزازات بھی حاصل کئے جن میں 2006ئ میں حکومت پاکستان کی جانب سے عطا ئ کردہ صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سرفہرست ہے۔

انہوں نے فلم ضدی، جبرو اور بت شکن اور فلم خدا گواہ میں بہترین اداکاری پر نگار ایوارڈ بھی حاصل کئے۔ اس کے علاوہ انہیں 1999میں نگار ملینئم ایوارڈ بھی دیاگیا۔یوسف خان ایک طویل عرصہ تک فلمی فن کاروں کی تنظیم مووی آرٹسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے روح و رواں بھی رہے۔ وہ 20ستمبر 2009ء کو لاہور میں وفات پاگئے تھے۔