تھانوں میں موبائل کی بجائے پیسے لے جانے پر پابندی لگائی جائے

درخواست گزار نے تھانوں میں موبائل فون لے کر جانے پر پابندی کے حوالے سے درخواست میں استدعا کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 20 ستمبر 2019 14:56

تھانوں میں موبائل کی بجائے پیسے لے جانے پر پابندی لگائی جائے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2019ء) : میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں تھانوں میں موبائل فون لے کر جانے پر پابندی کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی۔جسٹس مامون الرشید شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے کہا پولیس نے تھانوں میں موبائل فون پر پابندی لگا رکھی ہے۔عدالت کے حکم پر مختلف تھانوں کی تصاویر لے آئے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ یہ کس کس تھانے کی تصاویر ہیں؟۔درخواست گزار نے بتایا کہ یہ تصاویر ہربنس پورہ لاہور، بھیرہ، راولپنڈی کی ہیں۔تھانوں میں ایس ایچ او کے تحریری حکم آویزاں ہیں۔عدالت نے حکم دیا کہ تصاویری ثبوت کو کیس کا حصہ بنایا جائے۔عدالت نے تصاویر کو درخواست کے ساتھ منسلک کر کے 24 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

جب کہ درخواست گزار نے عدالت سے درخواست میں استدعا کہ ہائیکورٹ میں موبائل فون لانے پر پابندی نہیں ہے، تو تھانوں میں کیوں ہے؟ موبائل فون کی بجائے تھانے پیسے لینے پر پابندی لگائی جائے۔خیال رہے کہ پنجاب بھر میں پولیس کی جانب سے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کی غیر قانونی حراست کے حوالے سے وڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد راولپنڈی پولیس نے اپنے گھناؤنے اقدمات کو چھپانے کیلئے انوکھا فیصلہ کیا تھا۔

جس کے تحت ،تھانے آنے والے کسی بھی شخص کے موبائل فون تھانے میں لے جانے پر پابندی ہوگی ، ان سے موبائل فونز تھانوں کے گیٹ پر جمع کرلیے جائیں گے۔ اس مراسلے کے جاری ہونے کے بعد پنجاب پولیس کے اس اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔جس کے بعد پولیس افسران کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی تھیں جس کے تحت عام سیلین پولیس اسٹیشن پر موبائل لے کر جا سکتے ہیں۔۔تاہم سوشل میڈیا پر تھانہ بنی گالا کے باہر لگا ایک نوٹس وائرل ہو ا تھا جس پر لکھا تھا کہ جو بھی وزیٹر تھانے میں آتا ہے وہ اپنا موبائل فون فرنٹ ڈیسک آفیسر کے پاس جمع کروانے کا پابند ہے۔