قومی خزانے کی ایک ایک پائی عوامی منصوبوں پر خرچ ہوگی،کمشنرملتان

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:30

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) حکومت پنجاب نے ملتان شہرکے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے کمشنر ملتان افتخار علی سہو کو ٹیکنیکل پلان بنانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ کمشنر ملتان نے واسا کو بوسیدہ سیوریج نظام کا سروے کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ملتان شہر کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔

(جاری ہے)

بوسیدہ سیوریج نظام شہر کا سب سے سنگین مسئلہ ہے، پرانی لائنوں کی تبدیلی اور سیوریج نظام کی بہتری کے لئے واسا کو موجودہ مالی سال میں مختلف پروگراموں کی مد میں 1477ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں400ملین روپے جاری بھی کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھاجائے اور کوالٹی پر سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، قومی خزانے کی ایک ایک پائی عوامی منصوبوں پر خرچ ہوگی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیرعباس شیرازی، ایم ڈی واسا رائو قاسم و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔