پنجاب بھر کے تمام اے ڈی ایل آر سنٹرز پر ہفتے میں دو یوم ہر حلقہ کے پٹواری ،قانون گو صاحبان کو متعین کیا جائے،رانا امجدایڈووکیٹ

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:35

مظفرگڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) ایگری فورم پاکستان کے صدر رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری قاضی سرفراز حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام اے ڈی ایل آر سنٹرز پر ہفتے میں دو یوم ہر حلقہ اور موضع کے پٹواری اور قانون گو صاحبان کو متعین کیا جائے تاکہ وہ کسانوں کی ملکیتی اراضی کے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ میں موجود بیشمار غلطیوں کو موقع پر درست کر کے انہیں فرد ملکیت جاری کرائیں، جبکہ اس اقدام سے فرد بدر درستگی ریکارڈ کے نام پر عملہ محکمہ مال کی جاری کرپشن اور رشوت ستانی کی شکایات کا بھی خاتمہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کا جب ریکارڈ کمپیوٹر پر منتقل کیا جا رہا تھا تو اس وقت ریکارڈ مال میں عملہ نے بیشمار غلطیاں کیں جن کی اب درستگی مسئلہ بن چکی ہے اور کسانوں کو فرد بدر کی تیاری کے نام پر عملہ مال لوٹ رہا ہی. انہوں نے صوبائی وزیر مال سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے،جبکہ اس بارے عدالت عالیہ سے بھی رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔