قائم خانی کی کرپشن، اہم سیاستدانوں کو بھی حصہ دینے کا انکشاف

مئیر کراچی کے مشیر لیاقت قائم خانی نے نیب کی حراست میں اہم انکشافات کر دئیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 20 ستمبر 2019 15:57

قائم خانی کی کرپشن، اہم سیاستدانوں کو بھی حصہ دینے کا انکشاف
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20ستمبر 2019ء) کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس اور مئیر کراچی کے مشیر لیاقت قائم خانی نے نیب کی حراست میں انکشاف کیا ہے کہ وہ سابق عہدیداروں اور اہم سیاستدانوں کو بھی کرپشن کی رقم کا حصہ دیتے تھے،نیب کی جانب لیاقت قائم خانی کے خلاف مزید تین مزید ریفرنسز بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ان کے گھر سے برآمد اثاثوں، کرپشن دستاویزات کے ریفرنس بھی فائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نیب کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ایک ارب روپے ہڑپ لیے ہیں۔واضح رہے گذشتہ روز جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت علی کے گھر نیب کی ٹیم نے چھاپہ مارا تھا۔نیب ذرائع نے بتایا کہ چھاپے کے دوران گھر سے سونے کے بٹن ، کف لنکس، جیولری، اسلحہ ، آٹھ گاڑیاں، پراپرٹی فائلز برآمد ہوئیں۔

(جاری ہے)

نیب نے کراچی کے علاقہ پی ای سی ایچ میں کارروائی کی۔

یہ کارروائی نیب پنڈی نے نیب کراچی کی مدد سے کی۔ نیب ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی اشیا کا 8 صفات پر مشتمل میمو بنایا گیا۔ گھر سے چار فٹ اور چھ فٹ کے دو لاکرز برآمد ہوئے۔ ایک لاکر میں سے قیمتی ہیرے ملے ، دوسرے لاکر کو کھولا جا رہا ہے ۔ کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس کا گھر ریمورٹ کنٹرول پر ہے جبکہ گھر میں دو مرلے کے باتھ رومز ہیں۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں ، بانڈز اور دستاویزات برآمد ہوئیں ۔ دستاویزات میں کراچی اور لاہور کے بنگلوز کی دستاویزات بھی شامل ہیں۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ چھاپے کے دوران 200 اشیا کو قبضے میں لیا گیا ہے۔ نیب نے برآمد کی جانے والی اور قبضے میں لی جانے والی اشیا کی فہرست بھی مرتب کر لی۔ جب لیاقت علی کو نیب ٹیم لے جا رہی تھی تو ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ 15 لاکھ سالانہ تنخواہ ہونے کے باوجود سوانے کے زیورات، اسلحہ ، آٹھ گاڑیاں، پراپرٹی، ہیرے اور لگژری گھر کہاں سے آیا؟ اس پر سابق ڈی جی پارکس نے جواب دیا کہ ’’میرا تعلق ایک زمیندار خاندان سے ہے، یہ سب کچھ وہیں سے آیا ہے‘‘۔