حکومت کی ہدایات کے مطابق ضلع راجن پور میں یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا

جمعہ 20 ستمبر 2019 16:49

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) حکومت کی ہدایات کے مطابق ضلع راجن پور میں یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی تقریب فخرِ جہاں پارک راجن پور کے سامنے منعقد کی گئی۔جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور بین الاقوامی سطح پر یہ پیغام دیا کہ پاکستان کی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ان کی آزادی تک کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھی جائے گی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد افضل ناصر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو،اسسٹنٹ کمشنر راجن پورو روجھان سمیت تمام محکموں کے افسران اور ملازمین شریک ہوئے۔ تقریب میں میڈیا نمائندگان ، وکلاء، انجمن تاجران ، غیر سرکاری سماجی تنظیموں ، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

شرکائ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔

تقریب کا آغاز12بجے دن سائرن بجاکر ہوا، اس کے بعد پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے پڑھے گئے۔ تقریب میں میں کشمیریوں کی آزادی کے لئے اور ان پر بھارتی ظلم و استبداد کے فوری خاتمہ کے لئے زبردست نعرے بازی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد افضل ناصر اور دیگر نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کا حق خود ارادیت انھیں فوری طور پر دیا جائے۔

تمام پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پوری قوم کشمیریوں اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ تمام مقررین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کہ بھارتی فوج کے ظالمانہ کرفیو کو فوری طور پر ختم کرایا جائے اور وہاں بسنے والے 90 لاکھ کشمیریوں کوتمام بنیادی ضروریاتِ زندگی فراہم کی جائیں۔ تمام مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کہ کشمیریوں کی حمایت اور مدد ہر پلیٹ فارم اور سطح پر جاری رکھی جائے گی اور احتجاج کا یہ سلسلہ کشمیر کی آزادی کی صورت میں ہی تھمے گا۔

تقریب کے اختتام پر اور نماز جمعہ کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اسی طرح کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر مِنی صنعت زار جام پور، بلدیہ روجھان ، دانش اسکول فاضل پور، ڈسٹرکٹ پبلک اسکول راجن پور کے زیر اہتمام بھی واک منعقد کی گئیں۔