ڈسٹرکٹ اکاؤئنٹس آفیسر حیدر آباد اللہ بچاویو جتوئی کیخلاف نیب انکوئری 6 ہفتوں میں مکمل کرنے کی ہدایت

صوبے کے سارے کے سارے ڈسٹرکٹ اکائنٹس آفیسرز نیب کی انکوئریز بھگت رہے ہیں،چیف جسٹس کے دوران سماعت ریمارکس

جمعہ 20 ستمبر 2019 16:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ اکاؤئنٹس آفیسر حیدر آباد اللہ بچاویو جتوئی کیخلاف نیب انکوئری 6 ہفتوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو ڈسٹرکٹ اکائنٹس آفیسر حیدر آباد اللہ بچاویو جتوئی کیخلاف نیب انکوئری میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس ڈسٹرکٹ اکانٹس آفیسر پر برہم ہوگئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا سندھ میں کوئی ڈسٹرکٹ اکائنٹس آفیسر بچا ہے جس کیخلاف نیب تحقیقات نہ کر رہا ہو چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ صوبے کے سارے کے سارے ڈسٹرکٹ اکائنٹس آفیسرز نیب کی انکوئریز بھگت رہے ہیں۔ صوبے کا ہر ڈسٹرکٹ اکائنٹس آفیسر کرپشن میں لگا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے اکانٹس آفیسر سے استفسار کیا روزانہ کی بنیاد پر کتنا کما لیتے ہو۔

کرپشن میں تو یہی ہوتا ہے نہ روزانہ کی بنیاد پر پیسہ کمایا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کتنا وقت لگے گا ملزم کیخلاف انکوئری مکمل کرنے میں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے نام پر جاری چیکس اپنے اکاوئنٹ میں منتقل کئے۔ ملزم کیخلاف مزید انکوئری جاری ہے۔ عدالت نے ملزم کیخلاف 6 ہفتوں میں نیب انکوئری مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔