پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں طلبا کے داخلوں پر پابندی ہائیکورٹ میں چیلنج ، پی ایم ڈی سی کو نوٹس

اسلام آباد ہائی کورٹ کی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو 27 ستمبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت

جمعہ 20 ستمبر 2019 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں اسلام آباد کے طلبا کے داخلوں پر پابندی ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے متاثرہ طلبہ نعیمہ سلیم کی درخواست پر پی ایم ڈی سی کو نوٹس جاری کر دیا ۔ جسٹس میاں گل حسن اور نگزیب نے کہاکہ انٹری ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد کیسے داخلوں سے روکا جا سکتا ہی ۔

ہائی کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو 27 ستمبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ عدالت نے کہاکہ پی ایم ڈی سی یہ ذہن میں رکھے انٹری ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ کا حق متاثر ہو رہا ہے۔ وکیل شاہد کمال نے کہاکہ داخلے کے اشتہار میں اسلام آباد کے طلبہ کو اہل قرار دیا گیا تھا، انٹری ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد داخلہ دینے سے انکار کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہاکہ پی ایم ڈی سی کی پالیسی کے تحت داخلوں پر پابندی لگائی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک درخواست پر فیصلہ نہیں ہو جاتا داخلوں کی کارروائی روک دی جائے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ ایک بچی کے داخلے کے لئے داخلوں کا پورا عمل روک دیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ یہ ایک بچی کا معاملہ نہیں، اسلام آباد کے اور بہت سے بچے اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں۔ جسٹس میاں گل حسن نے کہاکہ آپ اپنے موکل تک محدود رہیں، جو فیصلہ دینگے اس سے آپکا حق متاثر نہیں ہو گا۔ بعد ازاں کیس کی سماعت ستائیس ستمبر تک ملتوی کر د ی گئی ۔