اللہ جسے چاہے عزت دیتا ہے او ر جسے چاہے ذلت دیتا ہے، باکسر محمد وسیم کا ٹویٹر پیغام

قومی باکسر نے آرمی چیف سے ملاقات کے بعد دل کا حال بیان کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 20 ستمبر 2019 16:48

اللہ جسے چاہے عزت دیتا ہے او ر جسے چاہے ذلت دیتا ہے، باکسر محمد وسیم ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20ستمبر2019ء) قومی باکسر محمد وسیم نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات پر اپنے جذبات کا اظہار کردیا۔محمد وسیم نے بدھ کے روز پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی ، پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اس ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ” آرمی چیف نے باکسر محمد وسیم نے اپنے آفس میں ملاقات کی اور انہیں حال ہی میں کھیلے گئے مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے ملکی وقار بلند کرنے پر مبارک باد دی،جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ محمد وسیم جیسا ٹیلنٹ ہمارا فخر ہے،ہم آ پ جیسے نوجوانوں کو سپورٹ کرنے کےلئے یہا ں موجود ہیں جن میں مثبت توانائی اورپوٹینشل موجود ہے“۔

اس ملاقات پر اپنے رد عمل میں محمد وسیم نے ٹویٹر پر پہلے قرآنی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ”اللہ جسے چاہے عزت دیتا ہے او ر جسے چاہے ذلت دیتا ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے جی ایچ کیو بلایا جانا باعث فخر تھا،ہماری فوج ہمارا فخر ہے“۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے انٹرنیشنل پروفیشنل باﺅٹ جیت لی۔

دبئی کے مرینہ باکسنگ ایرینا میں ہونے والی فائٹ میں محمد وسیم نے29 سالہ فلپائنی باکسر کانراڈو کوایک منٹ اور 20سیکنڈ میں ناک آﺅٹ کردیا۔ محمد وسیم نے اپنی جیت کو پاکستانی عوام اور کشمیریوں کے نام کردیا۔ فائٹ کے آغاز سے ہی پاکستانی باکسر نے اپنے حریف پر مکوں کی ایسی برسات کی کہ ناک آﺅٹ کرکے ہی دم لیا۔محمد وسیم کے باکسنگ کیریئر کا یہ 10 واں مقابلہ تھاجن میں سے وہ9 میں کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے 7 بار حریف باکسر کو ناک آﺅٹ بھی کیا جب کہ صرف ایک مقابلے میں انہیں شکست ہوئی۔کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ محمد وسیم نے 2016 ءمیں فلپائن کے جیٹر اولیوا کوشکست دے کر ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو بی اے) ورلڈ سلورٹائٹل جیتا تھا۔