ڈیرہ اسماعیل خان,دوتانی پوندہ اور شیرانی قبائل میںمسلح تصادم ،4افراد جاں بحق پانچ شدید زخمی

جمعہ 20 ستمبر 2019 17:08

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) ڈیرہ اسماعیل خان تحصیل درازندہ کے علاقہ میں جنگل کی لکڑیوں کی کٹائی کے تنازع پر دوتانی پوندہ اور شیرانی قبائل میںمسلح تصادم ،دونوں گروپوں کی بے دریخ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں جانب کے چار افراد جاں بحق ،پانچ شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ملتان ریفر کردیاگیا،ضلع انتظامیہ کی جانب سے علاقہ میں کشیدگی کو ختم کرنے کے لئے فریقین کے درمیان جرگہ شروع کردیاگیا ،مقامی ذرائع کے مطابق تحصیل درازندہ کے علاقہ میں جنگل کی لکڑی کی کٹائی کے تنازع پر دوتانی اور شیرانی قبیلوں کے دوران شدید خونریزی پیدا ہوگئی اور دونوں جانب سے اندھادھندفائرنگ کا بے دریخ استعمال کیاگیا جس کے نتیجے میں ایک جانب پوندہ دوتانی گروپ کے دو افراد تیس سالہ صاحب خان ولد مرزا خان اور اٹھارہ سالہ عزت خان ولد مدا افضل اقوام آدم خیل دوتانی ساکنان اللہ داد کوٹ درازندہ نزد زڑکنی اور دوسری جانب شیرانی قبیلے کے بھی دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دونوں طرف کی فائرنگ سے ایک جانب بازید ولد موسیٰ خان شاہ باران ولد مداافضل اور میاں نور ولد بابو اقوام آدم خیل دوتانی ساکنان اللہ داد کوٹ درازندہ نزدزڑکنی ،شیرانی قبیلے کے دوافراد ملی خان ولد نسب اللہ خان اور رحیم اللہ ولد جمعداد اقوام شیرانی ساکنان درازندہ شدید زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فائرنگ دونوں جانب وقفے وقفے سے جاری رہی ۔واقعہ کی اطلاع پر پاک فوج ، لیویز اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جن میں شدید زخمیوں کو ملتان ریفر کیاگیا ، ذرائع کے مطابق حسن خیل شیرانی اور آدم خیل دوتانی قبائل کے درمیان جنگلات کی ملکیت اور درختوں کے کٹائی پر تنازع بیان کیاگیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فریقین کی جانب کوئی ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دونوں گروپوں کے درمیان گشیدگی کو ختم کرنے کے لئے فریقین کے اکابرین کے ساتھ جرگہ شروع کردیاگیا ہے۔