بستی ترین میں سٹرک کی تعمیر کا کام دوسال گزرنے کے باوجود شروع نہیں کیاجاسکا

شہریوں کا شدید احتجاج ،وفاقی وزیر علی امین سے فوری نوٹس لینے اور سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ

جمعہ 20 ستمبر 2019 17:10

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) بستی ترین میں سٹرک کی تعمیر کا کا دوسال گزرنے کے باوجود شروع نہیں کیاجاسکا۔گلی میں پتھر اور خاکہ ڈا ل کر کام ادھورا چھوڑ دیاگیا ،،پتھروں اور گڑھوں کے باعث شہریوںکوآمدورفت کے دوران شدید مشکلات ، ،شہریوں کا شدید احتجاج ،وفاقی وزیر علی امین سے فوری نوٹس لینے اور فوری سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ۔

یونین کونسل ڈیوالہ میں بستی ترین گلی حکیم شمس الدین کی تعمیرکا کام گزشتہ سال عام انتخابات سے قبل شروع کیاگیا اور گلی میں پتھر اور خاکہ ڈال کر کام ادھورا چھوڑ دیاگیا ہے۔ دوسال گزرنے اوربار بار کی شکایات کے باوجود منتخب نمائندے اور حکام ٹس سے مس نہیںہورہے ہیں۔گلی کے ملحقہ پولیس لائن کے کوارٹروں کو گندا پانی بھی گلی کی جانب چھوڑ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے گلی میں پانی جمع ہوگیا ہے جس سے شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کا وہاں سے گزرنا محال ہوچکاہے۔

(جاری ہے)

دوسال گزرنے کے باوجود گلی میں سڑک کی تعمیر کا کا م پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ سکا جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ گلی میں گردو غبار کے باعث اہلیان علاقہ بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔سڑک سے اب تو خاکہ بھی غائب ہوچکا ہے اور اب صرف نوکدار پتھر اور گہرے گڑھے نکل آئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت کے دوران شدیدمشکلات کے علاوہ حادثات بھی روز کا معمول بن گئے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے سڑک کی تعمیر کا کام فوری طور پر مکمل کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔