اسلام آباد اورفیصل آباد میں مزید دو غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینجز پر چھاپے، غیرقانونی ٹیلی کام ٹریفک کا نیٹ ورک پکڑ لیا

جمعہ 20 ستمبر 2019 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) غیرقانونی گرے ٹریفک کی روک تھام کے حوالے سے جاری کوششوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) کے ساتھ مل کراسلام آباد اور فیصل آباد میں دو کامیاب چھاپوں میں غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کے نیٹ ورکس کو پکڑ لیا۔

پہلا چھاپہ پی ٹی اے زونل دفتر راولپنڈی کی ٹیم نے ٹریڈ سنٹرایف 11 مرکز اسلام آباد میں مارا جس میں ایک لیپ ٹاپ، انٹر نیٹ ڈیوائس اور ایک پی ایس ٹی این گیٹ وے بشمول 20 فعال لینڈ لائن نمبر قبضے میں لے لئے گئے۔ سیٹ اپ کے مالک کو مو قع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔ غیر قانونی گرے ٹریفکرزکے خلاف دوسرا کامیاب چھاپہ پی ٹی اے کے زونل دفتر لاہور کی ٹیم نے ایف آئی اے کے ساتھ مل کر فیصل آباد میں مارا۔

(جاری ہے)

یہ چھاپہ فیصل آباد کے ایک گائوں سنتا چک نمبر 229RB میں مارا گیا۔ جس میں تین گیٹ ویز، 332 پورٹس ، تین ٹی پی لنک رائوٹرز، تین انٹر نیٹ ڈیوائسز ، ایک انٹر نیٹ یو ایس بی اور 140 سمز قبضے میں لے لی گئیں۔ موقع پرعابد حسین نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیاجس سے مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔ جمعرات کو فیصل آباد میں پہلے ہی ایک اور کامیاب چھاپہ مارا جا چکا ہے۔ غیر قانونی ٹریفک کی روک تھام کے لئے یہ کامیاب چھاپے پی ٹی اے کی لگاتار مانیٹرنگ، عزم اور مسلسل کوششوں اور ایف آئی اے کے تعاون کی بدولت ممکن ہو سکے۔