Live Updates

مقبوضہ کشمیر میں افسوسناک کردار سے اقوام متحدہ پر اعتماد ختم ہو رہا ہے‘ڈاکٹر نیاز احمد

بھارتی اپوزیشن رہنما اور سپریم کورٹ بھی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقدامات پر ڈکٹیٹر مودی کا ساتھ نہیں دے رہے

جمعہ 20 ستمبر 2019 17:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمداختر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا72سال سے مسئلہ کشمیر پر کرردارانتہائی افسوسناک ہے جس کے باعث اقوام متحدہ پر اعتماد ختم ہو رہا ہے۔ وہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے خواتین کی طرف سے منعقدہ ریلی سے اپنے آفس کے سامنے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدسلیم مظہر،اقامتی آفیسر اول جلیل طارق،ڈاکٹر انجم صابری، انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ڈاکٹر حمیرا بانو،عظمیٰ عابد، خواتین اساتذہ، ملازمین اور طالبات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کہا کہ اقوام متحدہ کی جہاں دلچسپی ہو وہاں مسائل حل کر لئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ دنیا میں اپنا اعتماد کھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر پرمضبوط موقف پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ، حکومت اور فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی اپوزیشن رہنما اور سپریم کورٹ بھی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقدامات پر ڈکٹیٹر مودی کا ساتھ نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کشمیریوں کوحق خود ارادیت ملنے تک دنیا کو پیغام دیتی رہے پرو وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیم مظہر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کا بدترین کرفیوجاری ہے جس کے باعث لوگوں کی زندگی اجیر ن ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیاروں کی میتیں گھروں میںدفنانے پر مجبور ہیں ، دوائیں ناپید ہو چکی ہیں ، سکول بند ہیںاور لوگوں کو عبادت گاہوں میں جانے سے بھی روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور انسانیت کا مسئلہ ہے ۔ علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز میں ’جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال ‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر نے طلبائو طالبات پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں دنیا کو آگاہی فراہم کرنے میںبھرپور کردا رادر کریں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید ، فیکلٹی ممبران اور ایم فل/پی ایچ ڈی سکالرز نے شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات