کشمیر یوں کے جدوجہد کے سامنے بھارت کو جھکنا پڑے گا‘لیاقت بلوچ

کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور بہت جلد آزادی کی صبح طلوع ہوگی‘یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب

جمعہ 20 ستمبر 2019 17:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیر یوں کے جدوجہد کے سامنے بھارت کو جھکنا پڑے گا،کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور بہت جلد آزادی کی صبح طلوع ہوگی۔یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی پرامن احتجاج کی طاقت کی چوٹ کو بھارت برداشت نہ کرسکاتو نریندر مودی نے غاصبانہ فوجی قبضہ کے بعد مقبوضہ کشمیر کو ہندوستان میں شامل کرنے کا مکروہ اقدام کیالیکن کشمیر ہندوستان میں شامل نہیں ہوا۔

بلکہ مودی کا اقدام خود ہندوستان کیلئے بھاری ثابت ہوا ہے ۔کشمیر دینی ،نظریاتی ،اقتصادی اور معاشی ہر لحاظ سے پاکستان کا جزو ہے ۔سیاسی اعتبار سے بھی خطہ میں کشمیریوں کوحق خود ارادیت دینا ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 47دن کے کرفیو نے کشمیر یوں کو عقوبت خانہ میں محصور کردیا ہے ۔جموں و کشمیر سیاسی ،فوجی اور اقتصادی حیثیت سے پاکستان کی شہ رگ ہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام یکجہتی کشمیر کیلئے متحد ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمہ اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کیلئے بھارت کو الٹی میٹم دیا جائے ۔بھارت کیلئے فضائی حدود صرف ایک بار نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل تک مستقل بند کردی جائے ۔جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور بھارتی جنگی جرائم پر ہندوستان کو دہشت گرد ملک قرار دینے کیلئے عالمی دبائو بڑھایا جائے ۔

کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس میں بھارت نے زبردستی فوج اتاردی ہے اب حکومت پاکستان تذبذب اور بزدلی چھوڑے اور وہی اقدام کرے جو جموں و کشمیر کے مظلوموں کی مدد کیلئے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قومی و بین الاقوامی اداروں پر اخلاقی دبائو بڑھانے کیلئے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔