ننکانہ صاحب: بابا گورونانک دیوجی کے جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے جائیں گے: ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرے، تمام محکمہ جات جلد از جلد انتظامات مکمل کریں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 ستمبر 2019 17:32

ننکانہ صاحب: بابا گورونانک دیوجی کے جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے بہترین ..
ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20ستمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، عبدالقدوس ملک) تفصیل کے مطابق بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے تمام ضلعی محکمہ جات اپنے متعلقہ انتظامات جلد از جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا حکومت پاکستان،حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے بابا گرونانک دیو جی کے جنم دن کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمدنے تمام محکموں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کو فول پروف سیکورٹی اور سہولیات مہیا کرنا ضلعی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کی رہائشوں کے مناسب ترین انتظامات بروقت کیے جائیں اور شہر کی زیر تعمیر سڑکوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ سکھ یاتریوں کوضلعی انتظامیہ کی جانب سے بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں۔بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد کمال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اسد مگسی، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ سونیا کلیم،چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد،چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم جاوید اقبال بابر کے علاوہ دیگر تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شکیل احمد اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن جاوید اقبال بابر سمیت متعلقہ افسران نے جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے اجلاس میں متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی جن پارکوں میں بجلی اور پانی کی سہولت موجود نہیں ہے وہاں جلد از جلد ان سہولیات کا انتظام کیا جائے انہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ جنم دن کی تقریبات میں آنے والے سکھ یاتریوں کے روٹ اور ان کی رہائش گاہوں پر لٹکتی ہوئی تاروں کے کام کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ آنے والے سکھ یاتریوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔