مالاکنڈ تھانہ میںعوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کھلی کچہری

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:16

پشاور۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر و کمانڈنٹ مالاکنڈ لیویز اقبال حسین کی زیر نگرانی عوامی مسائل کو ممکنہ طور پر بروقت حل کرنے کی غرض سے جمعہ کو ضلع مالاکنڈ کے علاقے تھانہ میں گنیار کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل خان کے علاوہ محکمہ زراعت، تعلیم و دیگر تمام محکمہ جات کے افسران، ایس ڈی او واپڈا اور گنیار کے گرد نواح سے آئے ہوئے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کھلی کچہری میں بانڈہ جات نلو اور گنیارکے سابق نائب چیئرمین پر ہیز گار باچہ نے علاقے کے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بعض مسائل کو موقع پر حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری میں لوگوں کو ان کے تمام مسائل و مشکلا ت کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں حکام بالاسے رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ علاقہ میں آئس نشہ کی مکمل روک تھام اور اس قبیح کاروبار میں ملوث عناصر کو قانون کی پکڑ میں لانے کے لیے انتظامیہ پوری طور پر مستعد ہے اور ضلع کے کسی بھی علاقے میں ا س ناسور میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی بھی رعایت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور جہاں جہاں پر انہیں اس مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کا علم ہو تو وہ انتظامیہ کو مطلع کرے تاکہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جاسکے۔

اس موقع پر انہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ وہ گنیار میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کریں جبکہ محکمہ آبنوشی کو علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی احکامات جاری کیے گئے۔انہوں نے عوامی مطالبات کے پیش نظر گنیار میں گرلز مڈل سکول کو ہائی کا درجہ دینے کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے افسران کے ہمراہ گنیار میں تعلیمی اداروں اور بنیادی مرکز صحت کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے علاقے میں قائم زنانہ و مردانہ مڈل سکولوں کو وقت سے پہلے چھٹی کرنے پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ بنیادی مرکز صحت میں دوران ڈیوٹی اہلکاروں سے مذکورہ ہیلتھ یونٹ میں دستیاب ادویات اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یونٹ میں مریضوں کے لیے ادویات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔