جمعیت علمائے اسلام ضلع خضدار کا اجلاس، 23ستمبر کو خضدار میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوگی

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:21

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام ضلع خضدار کا اجلاس، 23ستمبر کو خضدار میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوگی ، مرکزی وصوبائی قائدین ، پارلیمانی اراکین خطاب کریں گے، پارٹی قائدین کا استقبال کرکے انہیں جلوس کی شکل میں شہرلیاجائیگا۔ یہ بات جمعیت علمائے اسلام ضلع خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی نے پارٹی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو اور تفصیلات بتاتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا اجلاس جے یوآئی خضدار کے ضلعی دفتر مرکزِ اسلامی خضدار میں زیر صدارت ضلعی امیر مولانا قمرالدین منعقد ہوااجلاس میں امیر و جنرل سیکریٹری کے علاوہ ضلعی نائب امیر مفتی عبدالقادر شاہوانی ،مولانا محمد اسحاق شاہوانی ،مولانا بشیراحمد عثمانی ، مولانا عبدالکریم متوکل ،سمیت تمام یونٹس کے نمائندے و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 23ستمبر کو جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام خضدار میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیئے گئے ۔ جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی کے مطابق خضدار میںتحفظ ختم نبوت کانفرنس بسلسلہ آذادی مارچ اسلام آباد منعقد کیا جارہاہے ، جو کہ میر چاکر خان روڈاپر 23 ستمبر ہوگا ، ،کانفرنس کے لئے پنڈال صابری مسجد سے آذادی چوک تک بنایا جائیگا، اسی روز صبح دس بجے جے یوآئی کے قائدین کا استقبال خضدار میں زیروپوائنٹ کے مقام پر کیا جائیگا ، اور ایک بہت بڑے جلوس کی شکل میں قائدین کو کانفرنس لایا جائیگا ۔

ان کا کہنا تھا کہ خضدار میں منعقدہ کانفرنس کے لئے 8کی تعداد میں کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں ، جو کانفرنس کی تیاریوں کے لئے اپنی خدمات پیش کریں گی ، کانفرنس میں سالار سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیںگے ، قبل ازیں یعنی 22ستمبر کو کانفرنس کی کامیابی کے حوالے سے ایک ریلی نکالی جائیگی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی خضدار پریس کلب آئے گی ۔

جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی کا کہناتھا کہ ضلعی سطح پر ہونے والی یہ کانفرنس کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور اس میں خضدار شہر اور تحصیلوں سے بڑی تعداد میں عوام شرکت کریگی ۔کانفرنس سے جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر ورکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع ، جے یوآئی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری رکن قومی اسمبلی مولانا سید محمود شاہ ، جے یوآئی کے مرکزی سرپرست مولانا قمرالدین ، جے یوآئی بلوچستان کے سرپرست مولانا فیض محمد ، جے یوآئی بلوچستان کے تمام پارلیمانی اراکین ، جے یوآئی بلوچستان کے تمام عہدیدار اور مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے ۔