اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے طلبا پر پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں داخلے پر پابندی کے خلاف درخواست پر پی ایم ڈی سی سے جواب طلب کر لیا

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے طلبا پر پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں داخلے پر پابندی کے خلاف درخواست پر پی ایم ڈی سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دیے کہ انٹری ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ کا حق متاثر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے متاثرہ طالبہ نعیمہ سلیم کی درخواست پر سماعت کی جس میں اسلام آباد کے طلبا پر پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں داخلے پر پابندی کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میڈکل کالجز کے اشتہار میں اسلام آباد کے طلبہ کو داخلے کے لیے اہل قرار دیا گیا تھا ، بعد میں انٹری ٹیسٹ پاس کرنے کے باوجود داخلہ دینے سے انکار کر دیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دیئے کہ داخلہ ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد کیسے ایڈمشن سے روکا جا سکتا ہی پی ایم ڈی سی یہ ذہن میں رکھے کہ انٹری ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ کا حق متاثر ہو رہا ہے۔ عدالت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔