کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ہم سب پر لازمی ہے، عبدالوسیم

پاکستان کی سلامی پر ہماری زندگی قربان ہے، شرف الدین

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:59

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی ہم سب پر لازم و ملزوم ہے کیونکہ کشمیر ہماری شہہ رگ ہے۔ یہ بات ممبر قومی اسمبلی عبدالوسیم نے سوک ویو اپارٹمنٹ کی مرکزی یونین کے تحت کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ا ٓپس میں اتحاد و اتفاق ہے۔

ہمیں اپنی حکومت اور اپنی فوج کے ساتھ مل کر قومی یکجہتی کا ثبوت دینا چاہئے۔ کشمیر ہماری جان اور ہماری آن ہے۔ ہم سب مل کر کشمیر کی آزادی کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر طرح سے مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قابلِ مبارکباد ہیں سوک ویو کے وہ تمام افراد جنہوں نے اس تقریب کو منعقد کرنے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے الیکشن کمشنر شرف الدین نے کہا کہ ہم سوک ویو کے تمام ذہین اور مستحق افراد کی مکمل حوصلہ افزائی کریں گے اور ان کے تمام جائز مسائل بھی اپنی مدد آپ کے تحت حل کریں گے اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی مکمل حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔ تقریب کی آرگنائزنگ سیکریٹری سوشل ویلفیئر طلعت خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ اسکولوں کے بچوں نے مختلف ٹیبلوز اور پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

دیگر فنکاروں نے قومی نغمے پیش کئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سوشل فورم کے چیئرمین اور ممتاز سماجی راہنما نفیس احمد خان نے بھی پاک فوج اور کشمیری بھائیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ دیگر مقررین میں ایمان اعظم، جنرل سیکریٹری، رشید نواب، قیصر جمال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مہمانِ خصوصی ممبر قومی اسمبلی عبدالوسیم نے تمام طلباء میں انعامات و تحائف تقسیم کئے جبکہ طلعت خان نے مہمانوں میں گلدستے پیش کئے ۔