ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی کارروائیاں، سکیورٹی یونیفارم میں مبلوس ڈکیت گروہ سمیت دیگر ملزمان گرفتار

مجموعی طور پر 97 موٹرسائیکلیں، 46 موبائل فون، 1 کلو چرس، 1 ہینڈ گرنیڈ، 2 ٹی ٹی پستول، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کی پریس کانفرنس

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:59

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کرمنلز کے خلاف بھرپور کاروائیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے سیکورٹی یونیفارم میں مبلوس ڈکیت گروہ سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 97 موٹرسائیکلیں، 46 موبائل فون، 1 کلو چرس، 1ہینڈ گرنیڈ، 2 ٹی ٹی پستول، طلائی گلے کی چین اور چھینا گیا پرس برآمد کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے جمعہ کو یہاں اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نیو ٹاؤن پولیس نے مخبر خاص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون پاکستان کالج کے قریب سے سیکورٹی یونیفارم میں مبلوس ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا، ملزمان کا گروہ بنگلوں کی وارداتوں میں ملوث ہے، وارداتوں کی نیت سے گھومنے والے گروہ کا سرغنہ آصف اپنے چار ساتھیوں کے ساتھ کلٹس کار اور موٹر سائیکل پر واردات کی نیت سے گھوم رہے تھے، نیو ٹائون پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں گرفتار کیا جس کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، چوری اور چھینی گئیں 6 موٹرسائیکلیں اور چوری کی ہوئی کلٹس کار، 11عدد ریپیٹر، 3 عدد ٹی ٹی پستول برآمد ہوئیں۔

(جاری ہے)

ملزمان نے شہباز سیکورٹی کے نام سے جعلی سیکورٹی کمپنی بنا رکھی تھی، ملزمان پہلے بنگلوں پر اپنی سیکورٹی کمپنی کا گارڈ تعینات کرتے تھے پھر اس ہی بنگلے کو اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے لوٹ لیتے تھے، ملزمان کا گروہ بہادر آباد، اشرف آباد، کلفٹن، درخشاں اور ڈیفنس تھانوں کی حدود میں بنگلوں کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزمان کا گروہ 20 افراد پر مشتمل ہے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اینٹی اسٹریٹ کرائم ڈسٹرکٹ ایسٹ نے نشتر روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے 2 کارندے گرفتار کر لئے، اقبال ہوٹل نشتر روڈ پر چائے پینے والے شہریوں سے 7 رکنی گروہ لوٹ مار کررہا تھا اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ پینچ گیا، ملزمان کے قبصے سے شہری احمد افضل سے چھینا گیا موبائل فون سمیت 46 موبائل فون اور 2 عدد ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور اب تک 200 کے قریب کرائم کی وارداتیں کرچکے ہیں۔

اس گروہ میں 10 افراد اور ایک خاتون شامل ہے، ملزمان کا تعلق اندرون سندھ سے ہے، ملزمان کے گروہ کا سرغنہ جاوید شیخ نامی ڈاکو ہے جبکہ اس گروہ میں عدیل، بلاول، عاشق، لالا، پرویز عرف مغیری، کامران عرف کامو، شان، محمود اور سمعیہ شامل ہیں جو کہ آپس میں رشتے دار ہیں۔ ملزمان وارداتوں کے بعد اندرون سندھ فرار ہوجاتے تھے، ملزمان چھینے گئے موبائل، موبائل فون کی آئی ڈی اور لاک موبائل مارکیٹ سے کھلواتے ہیں۔

موبائل مارکیٹ میں بیچے گئے موبائل فون برآمد کرنے کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو چوری اور چھینے گئے موبائل فون کی خرید و فروخت میں دوکانداروں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ ملزمان سے برآمد ہونے والے موبائل فونز کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔ غلام اظفر مہیسر نے مزید بتایا کہ عزیز بھٹی پولیس اور اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ، ڈسٹرکٹ ایسٹ کی بڑی کارروائی میں خواتین سے پرس چھینے والے 2 ڈاکو گرفتار کر لئے گئے جن کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول، گلشن اقبال کے علاقے میں خاتون سے چھینی گئی طلائی گلے کی چین اور چھینا گیا پرس برآمد کیا گیا ہے۔

ملزمان رضوان اور آصف 8 سال سے ڈکیتیوں کی وارداتیں کررہے ہیں، ملزم رضوان پہلے بھی کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ میں ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے گرفتار ہوچکا ہے، ملزمان کو شہری سے واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان خواتین کو آسان ٹارگٹ ہونے کی وجہ سے لوٹتے تھے۔ ملزمان نشے کے عادی مجرم ہیں۔ چھینا گیا زیور ملزمان لیاقت آباد صرافہ بازار میں فروخت کرتے تھے۔

لوٹا گیا مال خریدنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ جمشید کواٹر پولیس نے پٹیل پاڑہ میں کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش تنویر عرف چوزہ گرفتار کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے ایک کلو چرس، 1 ہینڈ گرنیڈ برآمد کیا گیا ہے، ملزمان کئی بار جیل کی ہوا کھا چکا ہے۔ ملزمان عادی مجرم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کی تسلسل کے ساتھ جاری کارروائیوں پر ایڈیشنل آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ایسٹ نے پولیس پارٹی کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ برآمد کی جانے والی اشیاء کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں اور لاوارث حالت میں ملنے والیں 97 موٹرسائیکلیں برآمد کی ہیں جن کی تفصیل میڈیا کے ذریعے ٹی وی اور اخبارات میں دی جارہی ہے جن افراد کی موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئی ہوں وہ اپنے کاغذات دیکھا کر متعلقہ تھانے سے وصول کرلیں جبکہ کراچی شہر کی مختلف علاقوں سے چھینے گئے 46 موبائل فون بھی برآمد کئے گئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ ایسے تمام لوگ جن کے موبائل فون چھینے گئے ہوں وہ اپنی نشانی بتاکر موبائل فون کے ڈبہ سمیت انچارج اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ ڈسٹرکٹ ایسٹ اور تھانہ جمشید کواٹر یا آئی ٹی انچارج ڈسٹرکٹ ایسٹ تھانہ شارع فیصل سے وصول کرسکتے ہیں۔