کشمیریوں کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے، واصف مظہر راں

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:00

ملتان ۔20 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام گزشتہ روز تاریخی چوک گھنٹہ گھر میں یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت ممبر صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہرراں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد حمزہ سالک اور ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر فناس اینڈ پلاننگ تنویر یزداں نے کی۔

اے سی سٹی کامران بخاری اور اے سی یوٹی ذیشان قیصرانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ریلی میں تاجر برادری، سرکاری ملازمین، طلباء اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے دستے خصوصی طور پر شریک ہوئے۔شرکاء کشمیر بنے گا پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کر ر ہے تھے۔

(جاری ہے)

شرکائے بینر اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔

ان پلے کارڈز اور بینرز پر کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی باب قاسم سے شروع ہو کر گھنٹہ گھر کے مرکزی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے اختتام پر قائدین نے خطاب اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ممبر صوبائی اسمبلی واصف مظہر راں نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ریلی کا مقصد کشمیریوں کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی آزادی کے لیے جنگ لڑیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد حمزہ سالک نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ ہم امن پسند قوم ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ تنویر یزداں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی مودی کے گھر پر دستک دے رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی کامران بخاری نے کہا کشمیریوں کو جبر کے ذریعے نہیںدبایاجا سکتا۔گورنمٹ ڈگری کالج برائے خواتین ممتاز آباد اور گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج ،گورنمنٹ ڈگری کالج شاہ رکن عالم اور ڈگری کالج زینب چوک شہیداں میں بھی کشمیری ریلیاں نکالی گئیں۔

ریلیاں کا سلوگن "مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی عظمت کا احترام کرو"ریلیوں کی قیادت متعلقہ کالجز کی پرنسپلز نے کی۔ان ریلیوں میں طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ریلی میں " ہم چھین کے لیں گے آزادی" کے نعروں کی گونجتے رہے۔طالبات نے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ریلیاں کالجز کے اندر سے شروع ہو کر مرکزی گیٹس پر اختتام پذیر ہوئیں۔گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین چونگی نمبر 14 سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پرنسپل تہمینہ مظہر نے کی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں ٹیچرز اور طالبات نے شرکت کی۔شرکاء کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔