اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا پاک افغان سرحد کے قریب بارودی سرنگ دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:13

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا پاک افغان سرحد کے قریب بارودی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے شہید آفیسر میجر عدیل شاہداور اور سپاہی فراز حسین کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے ہمیشہ بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر ہونے والا حملہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف ہمارے جوانوں کے عزم کومتزلزل نہیں کر سکتیں۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اللہ تعالی سے شہداء کے درجات کی بلند ی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو براشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا بھی کی۔