سری لنکا کیخلاف سیریز،عمر اکمل او ر احمد شہزاد کو ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کیے جانیکا امکان

عابد علی، افتخار احمد اور محمد رضوان کی ون ڈے ٹیم میں واپسی متوقع

جمعہ 20 ستمبر 2019 22:05

سری لنکا کیخلاف سیریز،عمر اکمل او ر احمد شہزاد کو ٹی ٹونٹی سکواڈ میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2019ء) سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان ہفتے کوکیا جائیگا۔ سیریز کیلئے ممکنہ 20کھلاڑیوں کا اعلان پہلے ہی کردیا گیا تھا، ان میں سرفراز احمد (کپتان)، بابراعظم،عابد علی،امام الحق، فخر زمان، احمد شہزاد، آصف علی، حارث سہیل، عمراکمل، محمد رضوان، افتخار احمد ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر،حسن علی،محمد حسنین اور عثمان شنواری کو شامل کیا گیا تھا۔

قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈز کا اعلان ہفتہ کو ساڑھے 11 بجے ہوگا، ذرائع کے مطابق انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد ورلڈکپ سے باہر کئے جانیوالے عابد علی کی ون ڈے سکواڈ میں واپسی کا امکان روشن ہے، ایک عرصہ سے نظر انداز شدہ افتخار احمد کو ایک بار پھر موقع دیا جاسکتا ہے، آسٹریلیا کیخلاف یواے ای میں سیریز کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے محمد رضوان بھی بطور سپیشلسٹ بیٹسمین سکواڈ میں واپسی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

افتخار احمد اور محمد رضوان کو سینئرز محمد حفیظ اور شعیب ملک کی خلا پرکرنے کیلئے شامل کیا جائے گا، پاور ہٹر کی متلاشی قومی ٹیم مینجمنٹ ایک بار عمر اکمل کی جانب دیکھ رہی ہے، ان کو ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے، مختصر فارمیٹ کے میچز کیلئے احمد شہزاد کا نام بھی زیر غور ہے۔ون ڈے ٹیم 24 ستمبر کو کراچی روانہ ہوگی جہاں سری لنکا کیخلاف پہلا ایک روزہ میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا، شہر قائد میں مزید 2 میچز کے بعد 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز5سے 9اکتوبر تک لاہور میں کھیلی جائیگی۔