پشاور،سی سی پی او کریم خان کی تاجر انصاف کے نمائندہ وفد کے ساتھ ملاقات

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:23

پشاور۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) سی سی پی او کریم خان نے پشاور صدر بازار کے تاجروں کی نمائندہ وفد کے ساتھ ملاقات کی ہے جس کی صدارت تاجر انصاف کے وائس چئیرمین میاں نور احمد اکاخیل کر رہے تھے، وفد میں حاجی عبدالنصیر صدر، حضرت خان باجوڑے جنرل سیکریٹری اور دیگر عہدیدار شامل تھے، اس موقع پر سی سی پی او نے آنے والے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پشاور پولیس تاجروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران تاجروں نے بھر پور تعاون کیا جس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں سی سی پی او نے کہا کہ بی آر ٹی کی وجہ سے پشاور صدر میں ٹریفک مسائل بڑھ گئے تھے جس کی خاطر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جس سے ٹریفک مسائل قابو پانے میں مدد ملے گی،اس موقع پر تاجروں کے نمائندہ وفد نے شہر میں قیام امن اور محرم الحرام کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ جرائم پیشہ عناصر سمیت منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کا عزم ظاہر کیا