ڈولفن فورس نے تین کم سن بچوں کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی

لٹن روڈ کے قریب رکشہ ڈرائیور کی 3 کم سن بچوں کو اغواء کرنے کی کوشش، رکشہ ڈرائیور زبرستی کم سن بچوں کو ساتھ لے کرجارہا تھا، ڈولفن فورس نے مشکوک دیکھ کر راؤنڈ اپ کرلیا، والدین کے مشکوک قراردینے پر رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈولفن فورس حکام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 ستمبر 2019 20:08

ڈولفن فورس نے تین کم سن بچوں کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 ستمبر2019ء) ڈولفن فورس نے تین کم سن بچوں کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی۔ صوبائی دارلحکومت میں لٹن روڈ کے قریب رکشہ ڈرائیور نے 3 کم سن بچوں کو اغواء کرنے کی مبینہ کوشش کی، رکشہ ڈرائیور تین کم سن بچوں کو لے کرجارہا تھا، ڈولفن فورس نے مشکوک دیکھ کر راؤنڈ اپ کرلیا، والدین کے مشکوک قراردینے پر رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چونیاں کے بعد لاہور میں بھی بچوں کے اغواء کی وارداتیں شروع ہوگئیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں لٹن روڈ کے قریب رکشہ ڈرائیور نے 3 کم سن بچوں کو اغواء کرنے کی کوشش کی۔ نامعلوم رکشہ ڈرائیور زبردستی تینوں کم سن بچوں کو ساتھ بٹھا کرلے جا رہا تھا، ڈولفن فورس پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو مشکوک جانتے ہوئے سعدی پارک کے پاس راؤنڈ اپ کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈولفن پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو روک کرانکوائری کی تورکشہ ڈرائیور نے بچوں کے ساتھ تعلق ظاہر کیا۔ جس پر ڈولفن فورس نے بچوں کے اہلخانہ کو موقع پر بلا لیا۔ لیکن تینوں بچوں کے اہلخانہ نے رکشہ ڈرائیور کو مشکوک قراردے دیا۔ ڈولفن فورس نے رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے کر تحقیقاتی اداروں کو سپرد کردیا ہے۔ واضح رہے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج چونیاں میں متاثرہ لواحقین سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونیاں میں ڈولفن فورس کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

اگر یہاں سب کچھ ٹھیک ہوتا تو مجھے یہاں نہ آنا پڑتا۔ہم نے بہترین ٹیم پر جے آئی ٹی بنائی ہے، میرٹ پر تفتیش کریں گے اور کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے کوشش کریں گے ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ جن پولیس افسران کو معطل کیا ہے ان کی پوسٹنگ کسی بھی جگہ دوبارہ نہیں کی جائے گی۔ ان افسران کو چارج شیٹ اور کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چونیاں واقعات کے کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ایف آئی آر میں اے ٹی اے لگائی گئی ہے۔ملزمان کی نشاندہی کرنے والے کو نقد انعام دیا جائے گا، واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کیلئے 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں چائلڈ پروٹیکشن سنٹر بنایا جائے گا۔