خواتین کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خواتین سے اظہار یکجتی کے لئے ریلی

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:43

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) حکومتی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اشتراک سے چوک گھنٹہ گھر میں خواتین کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خواتین سے اظہار یکجتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر(صدر) ناذیہ موہل نے کی۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (وومن) رضیہ تبسم،ڈپٹی ایجوکیشن افسران بلقیس ریحانہ ،حنا ریاض کے علاوہ اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران، پرنسپل ایم سی گرلز ایلیمنٹری سکول ملت کالونی ثروت جبیں، مختلف گرلز تعلیمی اداروں کی ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طالبات بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔

ریلی کے شرکاء نے کشمیری خواتین سے یکجہتی کے اظہار کے لئے بینرز اور پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر (صدر) نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں مردوں کے شانہ بشانہ جرات، دلیری اور بہادری سے بھارتی ظلم وجبر کا مقابلہ کرنے والی مائوں،بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بہنے والا خون راہیگاں نہیں جائے گا اورخواتین کی تحریک آزادی میں قربانیاں اور خدمات تاریخ کا حصہ ہیں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی حد کررکھی ہے اور بھارتی فوج گھروں کے اندر داخل ہوکر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کررہی ہے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے میں کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین کی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی فوجی طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو ختم نہیں کرسکتا کیونکہ بین الاقوامی اداروں میں کشمیر پر موثر آوازیں اٹھ اور ہندوستانی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بے نقاب ہو رہی ہیں کشمیر کی آزادی کا سورج اب طلوع ہونے والا ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے کہا کہ کشمیری خواتین کی آزادی کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے جسے کوئی طاقت سلب نہیں کر سکتی۔دیگر مقررین نے کہا کہ ظلم جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے کشمیر میں بھی ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہونی والی ہے۔اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان،آزادی کشمیر ناگزیر کے نعرے بھی لگائے گئے۔