کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف محکمہ لیبر کے زیر اہتمام ریلی

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:43

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف محکمہ لیبر کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان نے کی۔ریلی میں محکمہ محنت کے افسران، مزدور رہنما اورسول سوسائٹی کے افراد نے انڈین فوج کے مظالم کی بھر پور انداز میں مذمت کی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی لیبر آفس سے شروع ہوکر جیل روڑ پر جا کر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر لیبر نے کشمیریوں کی آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں پوری قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔