ڈویژنل کمشنر کی تحصیل اٹھارہ ہزاری میں کھلی کچہری

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:43

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) ڈویژنل کمشنر محمود جاویدبھٹی نے ڈپٹی کمشنر جھنگ محمد طاہر وٹو کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر آفس تحصیل اٹھارہ ہزاری میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران سائلین کی درخواستوں پر سماعت کی اور موقع پر ہی دادرسی کے لئے احکامات جاری کئے۔مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب نواب فیصل حیات جبوآنہ ، ڈی پی او عطاء الرحمان ، اسسٹنٹ کمشنر،ڈی ایس پیز سمیت محکمہ صحت ، تعلیم، واپڈا، سوئی گیس اور محکمہ مال کے سربراہان ،سائلین اور تما م صوبائی و وفاقی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈویژنل کمشنر محمود جاویدبھٹی نے سائلین کی طرف سے پیش کی گئی درخواستوں جن میں جائیداد کے تنازعہ، مال، ہیلتھ،تعلیم، سوئی گیس، سابقہ گنے کی ادائیگی، پنشن کیس اور دیگر متفرق شکایات شامل تھیں کی فرداً فرداً سماعت کی اورازالہ کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو کاروائی مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر محمود جاویدبھٹی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پرعوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد انقلابی قدم ہے۔

ڈویژنل کمشنر ہیڈ کوارٹرز کے علاوہ دیگراضلاع میں جاکر بھی لوگوں کے مسائل سن رہے ہیں اور ان کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔عوام کو درپیش مسائل انکی دہلیز پر حل کرنااور عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کھلی کچہریوں کا سلسلہ تحصیل اور دور دراز علاقوں تک بڑھادیا گیا ہے تاکہ عام آدمی کو انکی دہلیز پر ریلیف حاصل ہو۔

ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا کہ کھلی کچہری کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پرانکے آفس میں باقاعدگی سے عوامی مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل کے حل میں کافی بہتری آئی ہے اور عوام کھلی کچہریوں میں دی جانی والی درخواستوں پر ازالہ کے حوالہ سے اطمینان بخش ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عطاء الرحمن نے بھی درخواست گزاروں کے موقف سنتے ہوئے پولیس افسران کو موقع پر جا کر انکوائری کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

انہوںنے کہا کہ انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب نواب فیصل حیات جبوآنہ نے کہا کہ کسی سائل سے زیادتی نہیں ہوگی تاہم میرٹ کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں گے۔ اس موقع پر موجود لوگوں نے کھلی کچہریوں کے انعقادکو موجودہ پنجاب حکومت کا احسن اقدام قرار دیا۔