ملک میں تجارتی سرگرمیاں شدید ماند پڑگئیں

رواں سال اگست میں ملکی برآمدات ایک ارب 85 کروڑ ڈالر رہیں،جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.65 فیصد کم ہوئیں، پہلے 2 ماہ میں برآمدات 3 فیصد اضافے سے3 ارب 75 کروڑ جبکہ درآمدات21 فیصد کمی سے7 ارب67 کروڑ ڈالر رہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 ستمبر 2019 20:54

ملک میں تجارتی سرگرمیاں شدید ماند پڑگئیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 ستمبر2019ء) وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ملک میں تجارتی سرگرمیاں شدید ماند پڑگئیں، رواں سال اگست میں برآمدات 7.65 فیصد کم ہوئیں، پہلے 2 ماہ میں برآمدات 3 فیصد اضافے سے3 ارب75 کروڑ جبکہ درآمدات21 فیصد کمی سے7 ارب67 کروڑ ڈالر رہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال اگست کے دوران ملکی برآمدات ایک ارب 85 کروڑ ڈالر رہیں۔

گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں رواں سال اگست میں برآمدات 7.65 فیصد کم ہوئیں۔ جولائی2019 کی نسبت اگست2019ء میں ملکی برآمدات2 فیصد کم رہیں۔ ادارہ شماریات نے کہا کہ اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پردرآمدات 26 فیصد کمی کے ساتھ 3 ارب 66 کروڑ ڈالر رہیں۔ تجارتی سرگرمیاں کم ہونے کی وجہ سے تجارتی خسارے میں غیرمعمولی کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

اگست کے دوران تجارتی خسارہ 39 فیصد کمی سے ایک ارب 80 کروڑ ڈالرتک پہنچ گیا۔

رواں مالی سال کے پہلے2 ماہ میں تجارتی خسارہ37 فیصد کمی سے 2 ارب92 کروڑ ڈالر رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق پہلے 2 ماہ میں برآمدات 3 فیصد اضافے سے3 ارب75 کروڑ ڈالررہیں۔ پہلے2 ماہ میں درآمدات21 فیصد کمی سے7 ارب67 کروڑ ڈالر رہیں۔ اسی طرح وفاقی ادارہ شماریات نے رواں مالی سال کے دو ماہ کی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی رپورٹ جاری کردی جس میں خسارے میں کمی بتائی گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے رواں مالی سال کی2ماہ کی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں54 فیصد کمی ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال جولائی تا اگست کرنٹ اکاونٹ خسارہ ایک ارب29 کروڑڈالررہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلی2 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ2ارب85کرورڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال افراط زر(جی ڈی پی) تناسب میں کرنٹ اکائونٹ خسارے کی شرح 2.8فیصدرہی جبکہ گزشتہ مالی سال یہ شرح 5.5 فیصد تھی۔ رپورٹ کے مطابق اگست اور جولائی میں تجارتی خسارہ 4 ارب 60 کروڑ ڈالر ہوگیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں تجارتی خسارہ 6 ارب 78 کروڑ ڈالر کی سطح پر تھا۔اسی طرح رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال اگست میں کرنٹ اکائونٹ خسارے کی مالیت صرف61کروڑڈالررہی، بیرونی ادائیگیوں کے خسارے میں 54 فیصد سے زائد جبکہ تجارتی خسارے میں 32 فیصد سے زائد کمی ہوئی، بیرونی ادائیگیوں کے توازن میں بہتری تجارتی خسارے میں 1 ارب 55 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی، اسی طرح تجارتی خسارے میں 2 ارب 17 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

متعلقہ عنوان :