میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین مادر وطن کی عزت اور حفاظت پر قربان ہوگئے ‘شہباز شریف

ہمارے شہید قوم کے سر کی چادر ہیں ان کا شوق شہادت اور جذبہ ایمانی ہی ہماری اصل قوت ہے

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:56

میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین مادر وطن کی عزت اور حفاظت پر قربان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے پاک افغان سرحد پر دھماکے میں میجر اور سپاہی کی شہادت پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین مادر وطن کی عزت اور حفاظت پر قربان ہوگئے ،ہمارے شہید قوم کے سر کی چادر ہیں ان کا شوق شہادت اور جذبہ ایمانی ہی ہماری اصل قوت ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میجر عدیل شاہد کا ذاتی زندگی میں کردار قابل رشک ہے ،ان کی شہادت سے یقینا بارگاہ خداوندی میں ان کے مرتبے مزید بلند کرگیا ہے ۔شہید میجر عدیل کی اہلیہ کو اپنی بیٹی سمجھتا ہوں، ان کے غم میں شریک ہیں ،سپاہی فراز حسین شہید سمیت تمام شہداء کے اہل خانہ ، بیوی بچوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔مشرقی سرحد سے ہونے والی فائرنگ سے دکھ نہیں ہوتا، مغربی سرحد سے آنے والی گولی ہمارے جسم پر نہیں دل پر لگتی ہے ،افغانستان پرباڑ لگانے کا اقدام روکنے والے دہشتگردوں کے سرپرست کون ہیں ۔شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے ،اللہ رب العزت شہداکے درجات کو بلند فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو صبرجمیل دے۔