اسلام آباد ٹریفک پولیس کی پریشر ہارن والی 1,408 گاڑیوں کے خلاف کارروائی

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے پریشر ہارن والی 1,408 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہے، کارروائی کیلئے ٹریفک پولیس کے سپیشل سکواڈ اسلام آباد کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر تعیناتی کی گئی، کارروائی کا مقصد شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنا اور اسلام آباد کو شور سے پاک شہر بنانا ہے، کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی، پریشر ہارن والی گاڑیوں کے متعلق شہری اپنی شکایات ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 اور0519261992-93 پر درج کرائیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے والی خصوصاً پریشر ہارن والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی جاری ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال کے دوران1,408 سے زائد پریشر ہارن والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے اور ان کو چالان ٹکٹ جاری کئے ہیں، کارروائی کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سپیشل سکواڈ تشکیل د ے رکھے ہیں جس نے اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر تعینات اور سپیشل ناکہ جات لگا رکھے ہیں اور ٹریفک قوانین کے خلاف ورزری کرنے والی خصوصاً پریشر ہارن والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر رہے ہیں۔

ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہا ہے کارروائی کا مقصد شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنا اور اسلام آباد کو شور سے پاک شہر بنانا ہے، شہریوں کی جانب سے شکایات کے ازالہ کیلئے ٹرانسپورٹرز کو پریشر ہارن سے متعلق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، ٹرانسپورٹرز اسلام آباد کو شور سے پاک شہر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہری پریشر ہارن والی گاڑیوں سے متعلق شکایت اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915,، 0519261992-93,0519262234 پر درج کرا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :