لاہور ہائیکورٹ نے رہائشی علاقوں میں بل بورڈ لگانے پر پابندی کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کو درخواست کا حصہ بنانے کی ہدایت

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:59

لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے شہر کے رہائشی علاقوں میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہر میں بل بورڈ لگانے پر پابندی عائد کر نے کرنے کے لیے دائر درخواست پر درخواستگزار کے وکیل کو سپریم کورٹ کے فیصلے کو درخواست کا حصہ بنانے کی ہدایت کردی۔اورکیس کی سماعت 10،اکتوبر تک ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار شہری سرفراز احمد نے ایڈوکیٹ باورڈوگرکی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ 17اکتوبر 2018 کو سپریم کورٹ پاکستان کے ازخود نوٹس میں پبلک پراپرٹیز پر سے بل بورڈز اتارنے کا حکم دیا ہے ,درخواستگزار کے وکیل نے درخواست میں کہا ہے کہ عدالت عظمٰی کے حکم پر بل بورڈز پورے پاکستان سے ہٹا دئیے گئے۔

(جاری ہے)

لیکن عدالت عظمٰی کے حکم کے خلاف بل بورڈز مافیہ دوبارہ سے سر اٹھانے لگا، اس سلسلے میں درخواست گزار نے کنٹونمنٹ بورڈ کو متعدد بار درخواستیں بھی لکھیں مگر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا, درخواست میں کہا گیا ہے کہ بل بورڈز مافیہ نے کنٹونمنِٹ بورڈ, ڈی ایچ ای, ریلوے کالونیز,پی ایچ کی جانب سے م بل بورڈ آویزاں کرنے شروع کردیے ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عوامی مقامات پر لگے بل بورڈز ہٹائے جائیں نیزعدالت سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے بل بورڈ ہٹانے کا حکم دے۔