کوئٹہ ڈویژن میں ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کا مقصد قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات پر قابو پانا اورمسافروں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی روحانہ گل کاکڑ

جمعہ 20 ستمبر 2019 22:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن روحانہ گل کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ ڈویژن میں ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کا مقصد قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات پر قابو پانے اورمسافروں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ڈرائیوروں کی قابلیت او ر صلاحیتوں میں اضافے کے سلسلے میں ٹریفک قوانین کی جانکاری اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بہترین حکمت عملی سے ہی مسافروں کی حفاظت ممکن ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے انعقاد کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ایس پی ٹریفک پولیس پشین عصمت شاہ،موٹر وہیکل ایگزامئنرکوئٹہ کامران خان،سپریٹنڈنٹ آر ٹی اے حمید اللہ محمد حسنی اور دیگرموجود تھے۔سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ نے کہا کہ مسافروں کے تحفظ اور بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں ڈرائیوروں کی قابلیت کو دیکھنا بے حد ضروری ہے اس سلسلے میں تمام ڈرائیوروں کی جسمانی،ذہنی اور تکنیکی قابلیت پر پورا اترنے والوں کوہی ڈرائیونگ لائسنس دئیے جائیںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ڈرائیور کو بغیر ٹیسٹ اور معائنہ کے لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا کیونکہ ہماری ایک غلطی کئی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کوہی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی حالت بہتر بنانے اور مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔

صوبے میں معیاری اور جدید بسوں کی وجہ سے سفر آرام دے ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں ڈرائیونگ پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ مسافر کسی پریشانی اور مشکل کے بغیر منزل مقصود تک پہنچے۔اس موقع پر LTVاورHTVلائینسز کے حصول کے لیے درخواست دینے والوں سے ذہنی اور تجزیاتی ٹیسٹ لینے کے علاوہ ٹریفک قوانین کے بارے میں مختلف سوالات بھی کئے گئے۔