وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر عدیل کی اہلیہ نے دوسری مرتبہ اپنے جیون ساتھی کو وطن پر قربان کر دیا

شہید میجر عدیل نے آپریشن ضرب عضب کے دوران شہید ہونے والے دوست کی بیوہ اور ان کی نومولود بچی کو اپنایا تھا ان سے شادی کی تھی، دونوں کے تین بچے تھے جو آج یتیم ہوگئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 ستمبر 2019 22:19

وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر عدیل کی اہلیہ نے دوسری مرتبہ اپنے ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20ستمبر 2019ء) وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر عدیل کی اہلیہ نے دوسری مرتبہ اپنے جیون ساتھی کو وطن پر قربان کر دیا، شہید میجر عدیل نے آپریشن ضرب عضب کے دوران شہید ہونے والے دوست کی بیوہ اور ان کی نومولود بچی کو اپنایا تھا ان سے شادی کی تھی، دونوں کے تین بچے تھے جو آج یتیم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرستان میں شہید ہو جانے والے پاک فوج کے میجر عدیل سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات نے ہر شخص کو آبدیدہ کر دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ شہید میجر عدیل کی اہلیہ دوسری مرتبہ بیوہ ہوئی ہیں۔ ان کے پہلے شوہر بھی پاک فوج میں تھے اور آپریشن ضرب عضب کے دوران شہید ہوئے تھے۔ صالحہ عدیل کے پہلے شوہر کیپٹن مجاہد ان کے دوسرے شوہر میجر عدیل کے دوست تھے۔

(جاری ہے)

کیپٹن مجاہد کی بیٹی صبغہ انکی شہادت کے7 ماہ بعد پیدا ہوئی تھی۔ بعد ازاں میجرعدیل نے دونوں کواپنایا اور2017 میں انکے ہاں جڑواں بیٹوں کی پیدائش ہوئی۔

اور آج صالحہ عدیل کے دوسرے شوہر بھی جام شہادت نوش کر گئے۔ دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعہ کے روز پاک افغان سرحد پر بارودی دھماکے میں پاک فوج کے میجر اور ایک سپاہی شہید ہو گئے۔شہید ہونے والوں میں میجر عدیل اور سپاہی فراز شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ شہید افسر کی نگرانی میں سرحد پر باڑ لگائی جا رہی تھی۔ میجر عدیل اور سپاہی فراز نے مہند ڈسٹرکٹ میں جام شہادت نوش کیا۔